ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / الال میں ٹیمپو ڈرائیور پر حملے کے 4ملزمین گرفتار

الال میں ٹیمپو ڈرائیور پر حملے کے 4ملزمین گرفتار

Thu, 13 Jul 2017 11:16:55    S.O. News Service

منگلورو 13؍جولائی (ایس او نیوز) الال کے آزاد نگر علاقے میں 11جولائی کو ایک ٹیمپو ڈرائیور پر چاقو سے حملہ کرکے فرار ہونے والے 4ملازمین کو منگلورو سی سی بی پولیس نے گرفتار کرلیا ہے ۔ 

گرفتار شدہ ملزمین کے نام جلال عرف جلال الدین (۲۸سال)،عرفان عرف اَپّو (۲۵سال)، جعفر صادق(۲۰سال) اور مزّمل (۲۲سال) بتائے گئے ہیں ۔پولیس میں درج شکایت کے مطابق چاقو زنی کا یہ واقعہ اس وقت ہواتھا جب آسٹین مانٹیریو (۲۸سال) نامی ایک عیسائی نوجوان اپنے ٹیمپو میں لدی ہوئی مٹی الا ل کے آزاد نگر میں ایک مقام پر خالی کررہاتھا۔ اس وقت ایک کالی کار وہاں پہنچی اور اس میں موجودلوگوں نے آسٹین کو ٹیمپو ہٹانے کے لئے کہا۔ اسی بات پر تکرارشروع ہوئی توکار میں موجود لوگوں نے آسٹن کو پہلے خالی ہاتھوں سے مارا پھر کار میں موجود چاقو نکال کر اس پر حملہ کردیا۔مبینہ طورپر حملہ آور آسٹین کے سینے پر وار کرنا چاہتے تھے ، مگروہ کسی طرح اپنے آپ کو بچانے میں کامیاب ہوگیا۔اس دوران حملہ آور اپنی کار میں بیٹھ کر فرار ہوگئے اور زخمی آسٹین کو علاج کے لئے اسپتال میں داخل کیا گیا۔

سی سی بی پولیس نے کالی کار کو نشانہ بناکر تحقیقات آگے بڑھائی تو پتہ چلا کہ ملزمین میسورو کی طرف فرار ہوگئے ہیں۔پھر حملہ میں استعمال کی گئی کارسوُلیا سے برآمد کی گئی اور مذکورہ بالاچار ملزمین کوگرفتارکرنے میں پولیس کامیاب ہوگئی۔فرار ہونے کے لئے استعمال کی گئی ایک اور آلٹو کار بھی پولیس نے ضبط کرلی ہے۔مزید تحقیقات کے لئے ملزمین اور دونوں کاروں کو الال پولیس کے حوالے کیا گیا ہے۔


Share: